غریبوں کیلئے ذاتی مکان کی فراہمی اسکیم کا جگن نے آغاز کیا

   

31 لاکھ مکانات کا منصوبہ، ہر غریب کو ذاتی مکان میرا خواب: چیف منسٹر اے پی
حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے سالگرہ کے موقع پر غریبوں کو مکانات کی فراہمی سے متعلق اسکیم کا آغاز کیا۔ مغربی گوداوری ضلع میں جگن نے امکنہ پر غریبوں کے حق کے عنوان سے اسکیم کا آغاز کرکے اعلان کیا کہ ہر غریب کو ذاتی گھر کی فراہمی ان کا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالگرہ کے موقع پر تقریباً 50 ہزار استفادہ کنندگان کو اسکیم کے دائرہ میں شامل کرنے پر انہیں خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر غریب کا خواب ذاتی گھر کا حصول ہوتا ہے۔ گھر کا مطلب اسٹیل اور اینٹ سے تعمیر کردہ عمارت نہیں بلکہ سماج میں بہتر مقام کے ساتھ سہارے کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاوزنگ اسکیم کے تحت ریاست میں 16 ہزار کروڑ کے قرض معاف کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کی معافی کے سبب غریب عوام اپنے گھر کو ذاتی گھر میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تعمیر کئے گئے مکانات سے 55 لاکھ افراد کو مکانات پر ملکیت کا حق نہیں ہے۔ حکومت مفت رجسٹریشن کی سہولت فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف 10 منٹ میں رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کو اُگادی تہوار تک توسیع دی جائے گی۔ جگن موہن ریڈی نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ غریبوں کیلئے اس قدر اچھے کام انجام دیئے جانے پر بعض افراد کے پیٹ میں درد کیوں ہورہا ہے وہ غریبوں کی بھلائی کو برداشت نہیں کرپارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے خوف سے فلاحی اسکیمات کو نہیں روکے گی۔26 ہزار کروڑ کے خرچ سے 31 لاکھ مکانات کی تعمیر کامنصوبہ ہے۔ر