غریبوں کیلئے صرف ایک روپیہ میں نل کنکشن

,

   

شہری علاقوں میں نل کنکشن کا حصول اب بہت آسان ، فائل پر چیف منسٹر کی دستخط
حیدرآباد۔ 14 فروری (سیاست نیوز) شہری علاقوں میں نل کا کنکشن حاصل کرنا اب بہت آسان ہوگیا۔ ریاستی حکومت نے نل کنکشن حاصل کرنے کیلئے مقررہ ڈپازٹٹ کی رقم میں غیرمعمولی طور پر کمی کردی ہے۔ اب صرف 100 روپئے میں ہی نل کا کنکشن حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اس سے متعلق فائیل پر آج چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے دستخط کردی ہے۔ میونسپلٹیز اور میونسپل کارپوریشن میں رہنے والے شہری جو سطح غربت سے نیچے کی زندگی بسر کرنے والے (بی پی ایل) فیملی کے زمرے میں آتے ہیں۔ ان کے لئے یہ نئی اسکیم عائد ہوگی جس کے تحت صرف ایک روپئے میں نل کا کنکشن دیا جائے گا۔ فی الحال شہری علاقوں میں نل کا کنکشن حاصل کرنے کیلئے 6 ہزار روپئے ڈپازٹ لیا جاتا ہے اور مکان کے اندر نل کو حاصل کرنے کیلئے 10,500 روپئے بطور ڈپازٹ ادا کرنے بڑھتے تھے۔ نل کا کنکشن حاصل کرنے کیلئے اتنی رقم کی ڈپازٹ کی شرط سے شہری علاقوں میں نل کا کنکشن حاصل کرنے کیلئے عوام آگے نہیں آرہے ہیں۔ چیف منسٹر نے اس بات کو محسوس کیا اور اس طرح کا فیصلہ لیا گیا۔ مشن بھگیرتا کے ذریعہ دیہاتوں اور شہری علاقوں میں صاف پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کے اقدامات جاری ہیں۔ حکومت ، نل کے ذریعہ پانی حاصل کرنے کا حق ہر شہری کو دینا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں ہر کسی کو نل کا کنکشن حاصل کرنے کیلئے سہولیات میں آسانی فراہم کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ شہریوں کو صاف و شفاف پینے کا پانی فراہم کرنا اہم مقصد ہے اور اس وجہ سے اس سہولت کو بغیر رکاوٹ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاست میں میونسپلٹیز اور کارپوریشن میں 7.9 لاکھ مکانات کو نل کا کنکشن دیا جانا باقی ہے۔ تاحال اس نشانہ سے صرف 1.20 لاکھ مکانات کو ہی نل کا کنکشن دیا گیا ہے۔ ڈپازٹ کی رقم زیادہ ہونے کے سبب اکثر شہری نل کا کنکشن حاصل کرنے کیلئے آگے نہیں آرہے ہیں جس کے سبب 6.7 لاکھ مکانات کو نل کا کنکشن حاصل نہیں ہوسکا۔ اس کے ساتھ ساتھ زیرتعمیر پینے کے پانی کے پراجیکٹوں کے ذریعہ 3.3 لاکھ افراد کو نل کا کنکشن دیا جانا چاہئے۔ کل ملاکر شہری علاقوں میں 10 لاکھ نل کے کنکشن دیا جانا باقی ہے اور اس وجہ سے شہری کنکشن حاصل کرنے آگے نہیں آرہے ہیں۔ مشن بھاگیرتا کے ذریعہ ہر گھر تک صاف و شفاف پینے کا پانی فراہم کرنے کے سرکاری مقصد کو پورا کرنے کی خاطر اس طرح کا فیصلہ لیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو آسانی فراہم ہوسکے اور چیف منسٹر کا خواب پورا ہوسکے۔