غریبوں کیلئے پانچ برسوں میں3 کروڑ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ

   

ملک کے بہتر مستقبل کیلئے ون نیشن ون الیکشن کی تجویز: کشن ریڈی
حیدرآباد۔/21 اپریل، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر اور سکندرآباد لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی امیدوار کشن ریڈی نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میں غریبوں اور متوسط طبقات کیلئے ملک بھر میں 3 کروڑ مکانات مودی حکومت تعمیر کرے گی۔ حیدرآباد میں رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر لکشمن کے ہمراہ کشن ریڈی نے مرکزی حکومت کے عوامی وعدوں پر مشتمل سنکلپ پاترا کو جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی بدعنوانیوں اور اقرباء پروری میں مصروف ہے۔ انہوں نے گذشتہ دس برسوں میں نریندر مودی حکومت کے کارناموں کا حوالہ دیا اور کہا کہ مرکز میں مستحکم حکومت قائم کی گئی۔ 2047 تک وکسٹ بھارت کے نام پر بی جے پی ملک کو ہر شعبہ میں ترقی یافتہ بنادے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میں ہندوستان دنیا کی تیسری بڑی معیشت کے طور پر ابھرے گا۔ صحت، تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں غریبوں کیلئے کئی اسکیمات متعارف کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے امتحانی پرچہ جات کے افشاء کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تابناک مستقبل کیلئے مرکزی حکومت نے ون نیشن ون الیکشن کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے الزام عائد کیا کہ کانگریس نے مسلمانوں کو خوش کرنے انتخابی منشور جاری کیا ہے۔ اقلیتوں کی دلجوئی کے ذریعہ وہ مرکز میں اقتدار کا خواب دیکھ رہی ہے۔1