لکھنؤ: مہنگائی کے مسئلے پر بی جے پی حکومت پر لگاتار حملے کررہی سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ ہوائی جہاز کے تیل کے مقابلے پٹرول کی قیمت زیادہ ہونا اس بات کو واضح کرتا ہے کہ بی جے پی حکومت غریبوں کی جیب کاٹ کر امیروں کی تجوریاں بھرنے میں مشغول ہے ۔یادو نے ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے پیر کو ٹوئٹ کیا کہ امیروں کے ہوائی جہاز کا تل سستا اور غریب عوام کی گاڑی کا ڈیزل پٹرول مہنگا ہوگیا۔ بی جے پی غریبوں کی جیب کاٹ رہی ہے اور امیروں کی تجوریاں بھررہی ہے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہاکہ آج پٹرول پمپ بی جے پی کے لئے ’’پیسوں کے پمپ ‘‘بن گئے ہیں۔ بی جے پی پیسے والوں کی پارٹی ہے اور رہے گی۔قابل ذکر ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے سلسلے میں ایس پی سربراہ اپنی ہر ریلی میں حکومت پر تنقید کرتے ہیں۔ اترپردیش میں آئندہ سال کے اوائل اسمبلی چناؤ مقرر ہے۔ یوپی سمیت ملک کی زیادہ تر ریاستوں میں پٹرول کی قیمت 100روپئے فی لیٹر سے اوپر پہنچ چکا ہے ۔