غریبوں کی خدمت میری زندگی کا اہم مقصد : جیون ریڈی

   

Ferty9 Clinic

جگتیال میں سالگرہ تقریب سے خطاب، ٹی آر ایس اور مجلس پر کانگریس قائدین کی سخت تنقید

جگتیال 7 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سیاست میں ہار ہو یا جیت، عوام کے درمیان رہ کر عوامی مسائل اور غریبوں کی خدمت ہی میری زندگی کا اہم مقصد ہے۔ ان خیالات کا اظہار جگتیال کے کانگریس پارٹی سینئر قائد ایم ایل سی ٹی جیون ریڈی نے ارناپورنا ٹاکیز پر اپنی 69 ویں سالگرہ کے موقع پر بلدی انتخابات کے پیش نظر پارٹی کارکنوں کے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ یہ جلسہ کانگریس ضلع صدر اے لکشمن کمار کی صدارت میں منعقد ہوا۔ مہمان خصوصی کانگریس پارٹی ریاستی جنرل سکریٹری و بلدیہ انتخابات ضلع جگتیال انچارج بی گنگادھر نے شرکت کی۔ اس موقع پر کانگریس قائدین سابقہ بلدیہ چیرمین گری ناگا بھوشنم، ٹی وجیہ لکشمی کے علاوہ ریاستی آرگنائزنگ سکریٹری بنڈہ شنکر، ٹاؤن پریسڈنٹ کتہ موہن اور سابق کونسلر اور دیگر کارکن کثیر تعداد میں شریک تھے۔ قبل ازیں شہر جگتیال کے علاوہ حلقہ جگتیال اور دھرم پوری حلقہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین اور کارکنوں نے جیون ریڈی کی شال پوشی اور گلدستہ پیش کرتے ہوئے سالگرہ کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جیون ریڈی نے کیک کاٹ کر ایک دوسرے کو کھلاکر مبارکباد پیش کیا۔ اس موقع پر بی گنگادھر نے مخاطب کرتے ہوئے کے سی آر پر جھوٹے وعدوں کے سہارے اقتدار حاصل کرنے کا الزام عائد کیا۔ دلت کو چیف منسٹر بنانے اور مسلمانوں کو اندرون چار ماہ 12 فیصد تحفظات اور ہر بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوان کو ہر ماہ 3 ہزار جیب خرچ دلتوں کو تین ایکڑ اراضی اور وظیفہ پیرانی سالی کی حد عمر 60 سال سے 57 سال کرنے کا وعدہ وفا نہ ہوا۔ انھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے اور عوامی توجہ ہٹانے کے لئے سی اے اے، این آر سی بل کو لانے کا الزام لگایا۔ انھوں نے مجلس پر مسلمانوں کو بھروسہ نہ کرنے پر زور دیا۔ انھوں نے مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ سوال کریں کہ بی جے پی اگر مجلس کی دشمن ہے تو اورنگ آباد میں میڈیکل کالج کی منظوری کیسے ملی۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی ہی مسلمانوں کی حقیقی ہمدرد ہے۔