غریبوں کے تحفظ میں حکومت کی ناکامی پر شدید تنقید

   

Ferty9 Clinic

کانگریس پارٹی کی ایک روزہ بھوک ہڑتال ، بعض قائدین کا قیام گاہوں پر احتجاج
حیدرآباد۔/5مئی، ( سیاست نیوز) کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں پریشان حال غریبوں، کسانوں اور غیر مقامی مزدوروں کے تحفظ میں کے سی آر حکومت کی ناکامی کے خلاف کانگریس پارٹی نے ریاست بھر میں ایک روزہ بھوک ہڑتال کا اہتمام کیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور دیگر سینئر قائدین نے گاندھی بھون میں بھوک ہڑتال میں حصہ لیا۔ ہر ضلع ہیڈکوارٹر پر ضلع کانگریس صدور اور مقامی قائدین نے بھوک ہڑتال کی جبکہ کئی سینئر قائدین نے اپنی قیامگاہوں پر بھوک ہڑتال کے ذریعہ حکومت کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ گاندھی بھون میں سابق سی ایل پی لیڈر کے جانا ریڈی، رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی، رکن اسمبلی جگا ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر، پردیش کانگریس کورونا ٹاسک فورس کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، سابق ایم ایل سی راملو نائیک، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو اور مختلف محاذی تنظیموں کے قائدین نے بھوک ہڑتال میں شرکت کرتے ہوئے پارٹی کے مطالبات سے اظہار یگانگت کیا۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کے سی آر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت کو شراب کی دکانات کھولنے میں دلچسپی ہے جبکہ غریبوں کے تحفظ میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں ایک طرف کسان تو دوسری طرف غیر مقامی ورکرس مختلف مسائل سے دوچار ہیں۔ غریب اور متوسط طبقات روزگار سے محرومی کے نتیجہ میں معاشی بحران کا شکار ہیں اور کئی خاندان فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے ہر غریب خاندان کو 5 ہزار روپئے امداد کی فراہمی اور کورونا وائرس سے فوت ہونے والے افراد کے پسماندگان کو 10 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے اقلیتی قائدین ایس کے افضل الدین، عظمیٰ شاکر، امتیاز احمد اور دوسروں نے بھوک ہڑتال کیمپ میں شرکت کی۔