صحافیوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات منظور کرنے کا وعدہ، دوباک میں پنشن کارڈ کی تقسیم ، ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کا خطاب
دوباک۔/27 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سدی پیٹ ضلع دوباک منڈل میں 1804 اہل استفادہ کنندگان کو نئے آسرا پنشن کارڈ کی تقسیم کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ریاستی وزیر خزانہ و صحت مسٹرٹی ہریش راؤ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس سے حلقہ اسمبلی دوباک ایم ایل اے رگھونندن راؤ نے اپنے خطاب میں آسرا پنشن استفادہ کنندگان کیلئے نیک تمناؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مسٹر ہریش راؤ سے گذارش کی کہ می سیوا کے ذریعہ درخواست دینے والے تقریباً 10 ہزار درخواستیں جو زیر التواء ہیں انہیں بھی منظور کریں۔ اس موقع پر ایم ایل سی فاروق حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ غریب بیواؤں اور بوڑھوں کو ماہانہ 2016 روپئے پنشن دینے کی اسکیم صرف اور صرف ریاست تلنگانہ میں ہی ہے دوسری کسی بھی ریاست میں اس طرح کی فلاحی اسکیم دیکھنے کو نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر غریبوں کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھنا چاہتے ہیں۔ کے چندر شیکھر راؤ غریبوں کے مسیحا ہیں۔ اس موقع پر میدک ایم پی کے پربھاکر ریڈی نے کہا کہ سابق حکومت میں غریبوں کو صرف 50 روپئے پنشن دی جاتی تھی ٹی ڈی پی حکومت میں بھی وہی حال تھا اور کانگریس حکومت میں 200 روپئے ماہانہ پنشن دی جاتی تھی لیکن ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد اس پنشن کو 2016 روپئے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر بوڑھوں کے حق میں بڑے بیٹے کی طرح ہیں۔ کے پربھاکر ریڈی نے اس موقع پر وزیر ہریش راؤ سے صحافیوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات اور پریس کلب کی تعمیر کیلئے ایک ایک اراضی مختص کرنے کی اپیل کی۔ وزیر صحت و خزانہ ٹی ہریش راؤ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سدی پیٹ ضلع دوباک منڈل میں 1804 اہل استفادہ کنندگان کو نئے آسرا پنشن کارڈز تقسیم کئے گئے۔ ریاست تلنگانہ میں 50 لاکھ غریب بوڑھوں، بیواؤں، بیماروں کو ماہانہ 2016 روپئے آسرا پنشن فراہم کیا جارہا ہے جس میں سے حلقہ اسمبلی دوباک میں 50 ہزار مستحقین کو امدادی پنشن فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن بہت اچھا ہے ، دوباک میں 816 غریب بوڑھوں کو ماہانہ 2016 روپئے اور دوباک منڈل میں 988 افراد کو آسرا پنشن تقسیم کئے گئے۔ حلقہ اسمبلی دوباک میں مکمل 6 ہزار نئے امدادی آسرا پنشن منظور کئے گئے ہیں اور اگر مستحق لوگوں کو پنشن نہ ملنے کی صورت میں وہ دوبارہ درخواست داخل کریں تو انہیں بھی پنشن منظور کیا جائے گا۔ تلنگانہ بھر میں 57 سال کی عمر میں امدادی پنشن فراہم کرنے کا پروگرام شروع کرنا خوش قسمتی کی بات ہے۔میدک ایم پی کے پربھاکر ریڈی کے تبصرہ پر کہا کہ جلد ہی دوباک کے صحافیوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کریں گے اور صحافیوں کیلئے پریس کلب کی تعمیر کیلئے ایک ایکر اراضی بھی مختص کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ اس پروگرام میں زیڈ پی چیرپرسن روجا شرما، ایم ایل سی یادو ریڈی، ضلع کلکٹر پرشانت جیون پاٹل، زیڈ پی ٹی سی رویندر ریڈی، ایم پی پی کوتاپشپا لتا کشن ریڈی، ایم آر او محمد سلیم، میونسپل کمشنر گنیش ریڈی و دیگر کونسلرس ، سرپنچ اور قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔