غریب بھائی بہن کو MBBS میں مفت نشست

   

بودھن /30 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بودھن ڈیویژن کے نوتشکیل منڈل سالورہ کے شیڈول طبقہ سے تعلق رکھنے و الے بھائی بہن NEET امتحان میں نمایاں مقام حاصل کرتے ہوئے ایم بی بی ایس کی فری نشست کے حقدار قرار دئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق بڑی بہن سائی شیوتا شری نے NEET کے امتحان میں دو مرتبہ ناکام ہونے کے باوجود ہمت نہیں ہاری ۔ تیسری کوشش میں شیوتا شری امتیازی نشانات حاصل کرکے جگتیال ضلع کے میڈیکل کالج میں داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ۔ ان کے چھوٹے بھائی سائی نیہار دوسری کوشش میں ہی قومی سطح پر منعقد ہونے والے NEET امتحان میں امتیازی نشانات حاصل کرتے ہوئے ریمس میڈیکل کالج عادل آباد میں ایم بی بی ایس کورس میں مفت نشست کے حقدار قرار دئے گئے ۔ سالورہ منڈل کے ایک کچے مکان میں پرورش پانے والے ہونہار بہن بھائی کو اپنی منزل تک پہونچنے کے جنون میں کبھی غریبی آڑے نہیں آئی ۔ بھائی بہن کا کہنا ہے کہ ان کی جدوجہد کو دیکھتے ہوئے ان کے مزدور پیشہ والدین نے ہمیشہ ان کی ہمت افزائی کی ۔ مزدور پیشہ والدین اپنے بچوں کی جستجو دیکھ کر انہیں NEET کی لانگ ٹرم کوچنگ کلاسیس میں داخلہ دلوایا تھا ۔
بودھن میں اسکالرشپس کی ادائیگی کیلئے طلبہ کا احتجاج
بودھن /30 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )بودھن کے کالجس میں زیر تعلیم طلبہ کی کثیر تعداد نے گزشتہ روز اسکالرشپ کی رقم کی اجرائی کا مطالبہ کر تے ہوئے کلاسس کا بائیکاٹ کر تے ہوئے سڑکوں پر اتر آئے اورانکے واجب الادا اسکالرشپ کے بقایاجات کی ادائیگی تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا اور تمام کالجس کے طلبہ و طالبات امبیڈکر چوراہا پر بی جے پی کی محاذی طلباء تنظیم ABVP کے بیانرس تھامے احتجاجی دھرنا منظم کیا جس کے باعث شہر کے اہم چوراہا پر ٹریفک جام ہو گئی۔ سرکل انسپکٹر پولیس بودھن وینکٹ نارائنہ نے پولیس دستہ کے ہمراہ موقع پر پہونچ کر طلبہ کو راستے پر سے ہٹ جانے کے خواہش کی پولیس کی ہدایت کو احتجاجی طلبہ نظر انداز کردیے جانے پر بعض طلبہ قائدین کو پولیس نے حراست میں لے کر انہیں بودھن پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔