غریب خاندانوں کو امداد سے محروم کرنا ناانصافی

   

ترجمان پردیش کانگریس جی نرنجن کا احتجاج
حیدرآباد ۔27 ۔ اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے گزشتہ تین ماہ کا چاول حاصل کرنے سے محروم خاندانوں کو 1500 روپئے امدادی رقم نہ دینے سے متعلق فیصلے پر تنقید کی ۔ پارٹی ترجمان جی نرنجن نے کہا کہ غریب خاندانوں کو 1500 روپئے سے محروم کرنا ناانصافی ہے۔ جنوری ، فروری اور مارچ میں چاول حاصل نہ کرنے پر حکومت نے امداد سے محروم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت کے فیصلہ سے 8.68 لاک خاندانوں کا نقصان ہوگا جو جائز وجوہات کے سبب چاول حاصل کرنے سے قاصر رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ لاک ڈاون کے نتیجہ میں عوام مشکلات سے دوچار ہیں حکومت کو تنگ نظری کا مظاہرہ کرنے سے گریز کرنا چاہئے ۔ موجودہ صورتحال میں زیادہ سے زیادہ امداد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے اعلان کے مطابق آئندہ ماہ سے چاول کے ہمراہ ایک کیلو دال سربراہ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے دی جانے والی دال اپریل میں سفید راشن کارڈ ہولڈرس کو تقسیم نہیں کی گئی۔