ہنمنت راؤ کا چیف منسٹر کو مکتوب،دہلی اور ٹاملناڈو کی تقلید کا مشورہ
حیدرآباد۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے سفید راشن کارڈ ہولڈرس کے علاوہ ہر غریب خاندان کو دو ماہ تک ماہانہ 10 ہزار روپئے کی مالی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کیا جس میں کورونا کی بگڑتی صورتحال اور حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے نفاذ کا حوالہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت نے کورونا پر قابو پانے کے اقدامات میں تاخیر کردی ہے۔ وزیر صحت راجندر کی برطرفی کے بعد سے تلنگانہ میں محکمہ صحت کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ کورونا کے کیسس میں دن بہ دن اضافہ ہوا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ سرکاری اور خانگی دواخانے آکسیجن اور ادویات سے محروم ہیں۔ کسی بھی دواخانہ میں بستر کا حصول آسان نہیں۔ راجندر اکثر و بیشتر دواخانوں کا معائنہ کرتے رہے لیکن ان کی برطرفی کے بعد سے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے سبب عوام کی معاشی پریشانیوں میں اضافہ ہوگا لہذا حکومت کو مئی اور جون کے دوران سفید راشن کارڈ ہولڈرس اور سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے ہر خاندان کو فی کس 10 ہزار روپئے کی امداد فراہم کی جائے۔