غریب طالبہ کی میڈیکل تعلیم کا مکمل انتظام

   

صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی نے مکمل فیس ادا کی
حیدرآباد۔6۔ اپریل (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے نلگنڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والی ایس سی طبقہ کی طالبہ دیویا شری کی ایم بی بی ایس تعلیم کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 5 سال کی مکمل فیس ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سالانہ ایک لاکھ 20 ہزار روپئے کی فیس ادا کی جارہی ہے ۔ سکھیندر ریڈی نے ہر سال کے حساب سے ابھی تک جملہ 6 لاکھ 37 ہزار روپئے کی مالی امداد کی ہے۔ صدرنشین قانون ساز کونسل نے امداد کے آخری قسط کے طور پر تین لاکھ سات ہزار روپئے کا چیک طالبہ کے حوالے کیا۔ غریب خاندان سے تعلق رکھنے والی دیویا شری ایم بی بی ایس کورس کے لئے منتخب ہوئیں لیکن مالی مشکلات کے سبب وہ تعلیم جاری رکھنے کے موقف میں نہیں تھی ۔ اطلاع ملنے پر جی سکھیندر ریڈی نے تعلیم کی تکمیل تک مکمل فیس ادا کرنے کا پیشکش کیا تھا ۔ افراد خاندان اور مقامی افراد نے سکھیندر ریڈی کے انسانی جذبہ کی ستائش کی ہے ۔ اس موقع پر سکھیندر ریڈی نے کہا کہ ان کی والدہ اکثر کہا کرتی تھی کہ سب سے بڑی دولت تعلیم ہوتی ہے ۔ اسی جذبہ کے تحت انہوں نے دیویا شری کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سیاسی زندگی میں ترقی سے زیادہ انہیں غریب طالبہ کی مدد کرنے میں خوشی اور اطمینان حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیویا شری آگے بھی کامیابی کی منزلیں طئے کریں گی ۔