غریب عوام کو معیاری علاج کیلئے موثر اقدامات ، خصوصی ہاسپٹلس کا قیام

   

راماگنڈم میڈیکل کالج کے تعمیری کاموں کو اپریل تک مکمل کرنے عہدیداروں کو ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کی ہدایت

پدا پلی : ماہ اپریل تک راماگنڈم میڈیکل کالج کے تعمیری کام مکمل کرنے کی ریاستی وزیر برائے عمارت و شوارع ویمولا پرشانت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ راماگنڈم میں میڈیکل کالج کے تعمیری کاموں کا ریاستی وزیر نے معائنہ کیااور عہدیداروں کو مختلف ہدایات پیش کیں۔ بعد ازاں منعقدہ پروگرام میں وزیر موصوف نے شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ غریب عوام تک بہتر طبّی خدمات کی فراہمی کے لئے وزیر اعلیٰ کے سی آر نے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے سی آر کی جانب سے محکمہ طب کو 10ہزار کروڑ روپئے مختص کرتے ہوئے کئی ترقیاتی کام انجام دئیے جارہے ہیں۔ طبّی کالج کی تعمیر کے لئے 200 کروڑ، ملحقہ ہسپتال کی تعمیر کے لئے 300 کروڑ روپئے منجملہ 500 کروڑ روپئے کی لاگت سے فی کس 4 ہزار کروڑ روپئے سے 8 نئے طبّی کالجوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ جس کے تحت راماگنڈم کے علاقہ میں نئے طبّی کالج کی تعمیر کے لئے وزیر اعلیٰ نے منظوری دی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ راماگنڈم میں تاخیر سے طبّی کالج کے تعمیری کاموں کا آغاز کیا گیا ہے، ماباقی کالجوں کی طرح آنے والے سال جماعتوں کے آغاز کے لئے راماگنڈم میں طبّی کالج کے تعمیری کاموں کو فی الفور مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ پہلے سال کے کلاسوں کے آغاز کے لئے درکار 70 ہزار مربع فٹ کام کو تیزی سے مکمل کیا جائے، کیونکہ ماہ اپریل میں قومی میڈیکل کونسل کی تنقیح ہوگی۔ ماہ اپریل تک پہلے سال کے کلاسوں کے آغاز کے لئے درکار عمارت ، لائبریری، لیاب کے تعمیری کام مکمل کرنے کی انھوں نے ہدایت دی۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ ریاست میں 4 ملٹی سوپر اسپشالٹی اسپتالوں کی تعمیر کے لئے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ہے۔ورنگل شہر میں 1100 کروڑ روپئے کی لاگت سے 24 منزلہ سوپر اسپشالٹی اسپتال کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے، ٹنڈر کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ شہر حیدرآباد میں گاندھی، عثمانیہ نیلوفر، نمس اسپتالوں کے علاوہ 3 خصوصی اسپتالوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ 3500 روپئے کی لاگت سے 4 سوپر اسپشالٹی اسپتالوں، 550 کروڑ روپئے کی لاگت سے 14 نرسنگ کالجوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ راماگنڈم میں بھی نرسنگ کالج کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ریاست تلنگانہ کی عوام تک بہتر طبّی خدمات کی فراہمی کے لئے، ڈاکٹروں کی تعداد میں اضافہ کے لئے، عصری سہولیات کی فراہمی کے لئے وزیر اعلیٰ کوشاں ہیں۔ زیڈ پی چیرمین پوٹّا مدھو، ضلع کلکٹر ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا، راماگنڈم ایم۔ایل۔اے کوروکنٹی چندر، راماگنڈم مئیر انیل کمار، ڈی سی ایچ ایس ڈاکٹر واسو دیوا ریڈی، میڈیکل کالج پرنسپال ڈاکٹر ہیما بندوسنگھ، سرکاری اسپتال سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر دیال سنگھ، ڈی ایم ایچ او ڈاکٹر پرمود کمار، ایریا اسپتال سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر شرینواس ریڈی، آر اینڈ بی ایگزیکیٹو انجنئیر ، عوامی نمائندے، متعلقہ عہدیداران وغیرہ نے اس پروگرام میں شرکت کی۔