غریب متاثرہ خاندانوں کو فی کس 2 لاکھ روپئے امداد دی جائے

   

بے سہارا بچوں کی تعلیم پر توجہ، چیف منسٹر کو ہنمنت راؤ کا مکتوب
حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے کورونا سے پریشان حال غریب اور مستحق خاندانوں کی مدد کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ سابق صدر پردیش کانگریس کمیٹی اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاست میں کورونا کے سبب غریب و متوسط طبقات کی ابتر صورتحال کا حوالہ دیا اور کورونا سے فوت ہونے والے غریب افراد کے پسماندگان کو فی کس 2 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور خانگی دواخانوں میں فوت ہونے والے افراد کو یہ سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے والدین کے فوت ہوجانے سے یتیم ہونے والے بچوں کی حکومت کی جانب سے نگہداشت اور جواہر نوودیا اسکولوں میں تعلیم کے انتظامات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو دیگر ریاستوں کی تقلید کرنی چاہیئے جہاں کورونا سے فوت ہونے والوں کے پسماندگان کی مدد کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیو راج سنگھ چوہان نے کورونا سے مرنے والوں کے خاندانوں کو ایک لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا۔ اسی طرح آندھرا پردیش کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے والدین سے محروم بچوں کے نام پر 10 لاکھ روپئے ڈپازٹ کرنے کا اعلان کیا تاکہ اس رقم سے ان کی تعلیم اور دیگر ضروریات کی تکمیل ہوسکے۔ تلنگانہ میں کورونا کی دوسری لہر سے بڑے پیمانے پر اموات واقع ہوئی ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقات کورونا کے علاج کیلئے لاکھوں روپئے خرچ کرنے سے قاصر رہے اور انہوں نے نہ صرف اپنے اثاثہ جات کو فروخت کردیا بلکہ قرض حاصل کرنے پر مجبور ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی ہاسپٹل اور ایم جی ایم ہاسپٹل ورنگل کے دورہ کے موقع پر چیف منسٹر نے مریضوں کو ہر ممکن تعاون کا بھروسہ دلایا تھا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کئی ایسے غریب خاندان ہیں جن کی پرورش کرنے والے افراد کورونا سے فوت ہوگئے جس کے نتیجہ میں تمام خاندان معاشی مسائل کا شکار ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ میں ہزاروں بچے اپنے والدین سے محروم ہوچکے ہیں۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے والدین سے محروم بچوں کی نوودیا اسکولوں میں تعلیم کے انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو غریبوں کیلئے امدادی پیاکیج کا اعلان کرنا چاہیئے تاکہ دواخانوں کے دورہ کے موقع پر مریضوں کو دیئے تیقنات کی تکمیل ہوسکے۔