غریب ممالک کو ویکسین کی فراہمی کیلئے 8.80 ارب ڈالر کے عطیات

   

سعودیہ کے 1.5 ارب اور برطانیہ کے 41.6 کروڑ ڈالر مختص ، وباء سے نمٹنے امریکہ کی 19.4 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد
لندن ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) گیوی ویکسین الائنس کا کہنا ہے کہ عطیہ دینے والے ملکوں، اداروں اور فلاحی تنظیموں نے 2025 تک غریب ملکوں کے عوام کو ویکسین فراہم کرنے کے لیے اسے مجموعی طور پر 8 ارب 80 کروڑ ڈالر دینے کے وعدے کیے ہیں۔یہ وعدے لندن میں منعقدہ اجلاس میں کیے گئے جس کیلئے منتظمین نے 7 ارب 40 کروڑ ڈالر کا ہدف مقرر کیا تھا۔ لیکن، اعلان کردہ رقوم اس سے زیادہ ہوگئیں۔ ان رقوم سے دنیا کے غریب ترین ملکوں میں مزید 30 کروڑ بچوں کو خسرہ، پولیو اور خناق سے بچاؤ کی ویکسینز دینے میں مدد ملے گی۔ویکسین اتحاد نے جمعرات کو یہ بھی بتایا کہ اس نے کرونا وائرس کی ممکنہ ویکسین کے لیے ابتدائی طور پر 56 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جمع کیے ہیں۔ اس غرض سے اس کا ہدف 2 ارب ڈالر ہے۔ یہ رقم پیشگی ادا کرنے سے ممکنہ ویکسین کی لاکھوں خوراکیں سستی مل سکیں گی۔ویکسین کی یہ خوراکیں غریب ملکوں کے طبی عملے اور زیادہ خطرے میں کام کرنے والے کارکنوں کو فراہم کی جائیں گی اور کچھ مقدار ضرورت پڑنے پر استعمال کی جائے گی۔اجلاس کی میزبانی کرنے والی برطانوی حکومت سب سے زیادہ رقوم کا اعلان کرنے والوں میں شامل تھی۔ اس نے اگلے پانچ سال تک 41 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سالانہ دینے کا وعدہ کیا۔ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن اس عرصے میں ایک ارب 60 کروڑ ڈالر فراہم کرے گی۔ دوسرے بڑے عطیہ دہندگان میں ناورے، جرمنی اور امریکہ شامل ہیں۔بل گیٹس نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا کو شکست دینے کے لیے صرف سائنس کافی نہیں۔

اس کے لیے سخاوت بھی ضروری ہے۔ اور آج ہم نے یہی دیکھا کہ سرکاری اور نجی شعبوں کے رہنما گیوی کے ساتھ تعاون کے لیے پیش قدمی کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسین جب تیار ہوگی تو پیشگی ادائیگی کرنے کی وجہ سے دنیا بھر کے لوگوں کو مل سکے گی۔گیوی کے مطابق، 8 حکومتوں نے پہلی بار ویکسین اتحاد کے لیے عطیہ دینے کا وعدہ کیا۔ ان میں بھوٹان، برکینافاسو، کیمرون، فن لینڈ، یونان، نیوزی لینڈ، پرتگال اور یوگنڈا شامل ہیں۔دوسری طرف سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 1.5ارب ڈالر کی رقم مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے منعقدہ ایک ورچوئل کانفرنس سے خطاب کے بعد ٹوئٹر پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا کہ مملکت کی طرف سے کرونا وبا سے بچاؤ کی خاطر ویکسسین کی تیاری کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر مختص کرے گا، جبکہ عالمی سطح پر اس وبا پر قابو پانے اور اس کی روک تھام کے پانچ سو ملین ڈالر کی رقم مختص کی جائے گی۔اسی طرح امریکہ نے عالمی وبا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی برادری کو 19.4 کروڑ ڈالر کا اضافی تعاون دینے کا اعلان کیا ہے ۔ امریکہ کے وزیر خارجہ مائک پومپیو نے جمعرات کو ایک پریس ریلیز میں یہ اطلاع دی۔پومپیو نے کہا،‘کووِڈ۔19 وبا کے دور میں ہم ایک ملک کی حیثیت سے وائرس سے نمنٹنے کیلئے متحد ہوئے ہیں۔ اس کے تحت ہم بین الاقوامی برادری کو اس وبا سے نمٹنے کیلئے 11 ارب ڈالر سے زیادہ کا مالی تعاون دینے کے لیے پابند عہد ہیں۔ امریکہ آج 19.4 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد دینے کا اعلان کر رہا ہے ’۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ 18 کروڑ ڈالر کا استعمال وینٹیلیٹر خریدنے میں کیا جائے گا جبکہ 1.4 کروڑ ڈالر کی رقم اس وبا کے سبب پوری دنیا میں بری طرح متاثر پناہ گزینیوں اور مہاجروں کی امداد میں صرف ہوگی۔