صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے افتتاح کیا، رضاکارانہ تنظیموں کی خدمات کی ستائش
حیدرآباد۔صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کورونا کے غریب و مستحق مریضوں کیلئے آکسیجن کنسٹریٹرس کی تقسیم کے پروگرام کا آغاز کیا۔ ساہتیہ ٹرسٹ کی جانب سے بعض دیگر رضاکارانہ تنظیموں کے تعاون کے ذریعہ حیدرآباد میں یہ منفرد پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ ماہر چیاریٹی، دکن المسی اور دیگر تنظیموں نے آکسیجن کنسٹریٹرس کے حصول میں تعاون کیا ہے۔ یہ خصوصی کنسٹریٹرس برطانیہ سے حاصل کئے گئے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے ٹرسٹ کے ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں غریب اور مستحق مریضوں کی امداد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کی سہولتوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ کورونا کے کیسس میں اضافہ کے پیش نظر رضاکارانہ تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی خدمت خلق کے جذبہ کے تحت ضرورت مندوں کی مدد کریں۔ محمد سلیم نے کہا کہ مریضوں کی آکسیجن کنسٹریٹرس کے ساتھ مدد کے علاوہ عوام میں کورونا قواعد پر عمل آوری کیلئے شعور بیداری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کیلئے رضاکارانہ تنظیموں اور عوام کو حکومت سے تعاون کرنا چاہیئے۔ چیف منسٹر کے سی آر کے علاوہ ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ اور ہریش راؤ سرکاری دواخانوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کے اقدامات کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے دو اہم سرکاری دواخانوں کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا شخصی طور پر جائزہ لیا۔ صدرنشین ساہتیہ ٹرسٹ انیس احمد، پروفیسر عامر اللہ خاں ( انڈین اسکول آف بزنس )، ڈاکٹر حفصہ اور دیگر افراد اس موقع پر موجود تھے۔