غزہ: اسرائیلی حملوں میں کم از کم 78 افراد جاں بحق

   

غزہ۔ 26 جون (ایجنسیز) کچھ ہی لمحوں میں غزہ میں اسرائیل کے حملوں میں کم از کم 78 افراد ہلاک ہو گئے جن میں 14 ایسے فلسطینی بھی شامل ہیں جو امداد کی تقسیم کے مراکز کے قریب انتظار کر رہے تھے۔ایک جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے بڑی پیش رفت کی جانکاری دی ہے، دوسری جانب اسرائیلی حملوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔الجزیرہ نے غزہ میں العودہ اور الاقصی شہداء اسپتالوں کے ذرائع سے رپورٹ کیا کہِ، چہارشنبہ کی صبح وسطی غزہ میں نیٹزارم جنکشن کے قریب امداد کے انتظار میں اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم نو فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔یہ اموات متنازعہ اسرائیل- اور امریکی حمایت یافتہ غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن (GHF) کے قریب ہوئی ہیں جسے ناقدین نے انسانی مذبح خانے اور موت کے جال قرار دیا ہے۔غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن پر امدادی ایجنسیوں اور اقوام متحدہ کی طرف سے شدید تنقید کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ جی ایچ ایف غزہ کی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل نہیں ہے اور اپنی فوجی کارروائیوں کے لیے خوراک کو اسرائیل کے لیے ہتھیار بنا رہا ہے۔الجزیرہ کے مطابق، GHF کے زیر انتظام امدادی مراکز عام طور پر اس کے بالکل قریب قائم کیے جاتے ہیں جہاں اسرائیلی افواج اپنے ٹینکوں، بکتر بند گاڑیوں اور آس پاس کے سنائپرز کے ساتھ تعینات ہیں۔ اور جب بھیڑ جمع ہوتی ہے تو وہ اسرائیلی فائرنگ کا شکار ہو جاتے ہیں۔یہاں امداد حاصل کرنے کے لیے صرف 20 منٹ کا وقت دیا جاتا ہے اور اس کے بعد فائرنگ شروع ہو جاتی ہے۔ لیکن تنظیم نے ذمہ داری سے انکار کیا ہے۔

اسرائیلی آباد کاروں کے حملے میں 3 فلسطینی جاں بحق

رام اللہ/یروشلم، 26 جون (یو این آئی) مغربی کنارے میں وسطی رام اللہ کے مشرق میں واقع کفر ملک قصبے پر چہارشنبہ کو اسرائیلی آباد کاروں کے حملے میں تین فلسطینی ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے ۔یہ اطلاع فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ڈبلیو اے ایف اے نے دی۔مقامی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ، ڈبلیو اے ایف اے نے کہا کہ درجنوں آباد کاروں نے کفر ملک شہر پر حملہ کیا اور شہر میں شہریوں کی گاڑیوں اور گھروں کو نذر آتش کردیا، جب کہ شہر اور قریبی دیہات کے رہائشیوں نے ان کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی۔ ڈبلیو اے ایف اے نے کہا کہ اسرائیل فورسز نے آباد کاروں کو تحفظ فراہم کیا، فلسطینیوں پر فائرنگ کی اور ایمبولینسوں کو زخمیوں تک پہنچنے اور لے جانے سے روکا۔اسرائیلی اخبار ہاریٹز نے ایک مقامی رہائشی کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی فوج نے تین فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا، حالانکہ آباد کاروں نے ہینڈ گن سے بھی فائرنگ کی۔ اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے چہارشنبہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ درجنوں اسرائیلی شہریوں نے کفر ملک کے قریب ایک گاؤں المغییر میں املاک کو آگ لگا دی۔اس میں کہا گیا، ‘‘اطلاع ملنے پر، آئی ڈی ایف اور اسرائیلی پولیس کے دستوں کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا اور جھڑپوں کو منتشر کرنے کے لیے آپریشن چلایاگیا۔