غزہ امن معاہدہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کا تاریخی موقع :شہباز شریف

   

اسلام آباد، 9 اکتوبر (یو این آئی) پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے غزہ امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے لیے طے پانے والے معاہدے کا اعلان مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کا ایک تاریخی موقع ہے ۔ ڈان نیوز کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر اور ثالثی کرنے والے ممالک کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مکالمے اور مذاکرات کے پورے عمل کے دوران صدر ٹرمپ کی قیادت دنیا کے امن کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ قطر، مصر اور ترکیہ کے ثابت قدم اور دانشمند رہنماؤں کو بھی ان کی انتھک کوششوں پر سراہا جانا چاہیے جن کے نتیجے میں یہ معاہدہ ممکن ہوا، سب سے بڑھ کر، ہمیں فلسطینی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے ، جنہوں نے بے مثال مصائب برداشت کیے ، جنہیں کبھی بھی دوبارہ نہیں دہرایا جانا چاہیے ۔