غزہ :فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت 602 فلسطینی قیدیوں کے بدلے 6 اسرائیلی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کر دیا۔عرب میڈیا کے مطابق حماس نے دو اسرائیلی یرغمالیوں کو رفح میں ریڈ کراس کے حوالے کیا جبکہ 3اسرائیلی یرغمالی نصیرات کیمپ میں ریڈکراس کے حوالے کیے گئے۔عرب میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ایک یرغمالی ہشام السیدکو غزہ سٹی میں بغیرکسی تقریب کے اسرائیلی فوج کے حوالے کیا جائیگا۔حماس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کا منظر فلسطینی عوام، مزاحمتی گروپس کے اتحاد کا عکاس ہے۔ فلسطینی عوام اور مزاحمتی گروپس کے درمیان ہم آہنگی گہری اور مضبوط ہے۔ آج یرغمالیوں کی حوالگی کے دوران عوام کی بڑی تعداد دشمن اور اس کے حامیوں کیلئے نیا پیغام ہے۔دو روز قبل حماس نے 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی نعشیں ریڈ کراس کے سپرد کی تھیں جس کے بدلے اسرائیل نے بھی فلسطینیوں کے جسد خاکی ریڈ کراس کے حوالے کئے تھے۔حماس نے ریڈ کراس پر نعشوں کی حوالگی کے دوران دہرے معیار کا مظاہرہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔