نیویارک،19 ستمبر (یو این آئی) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ سے متعلق قرارداد امریکہ کے ویٹو کی وجہ سے منظور نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے سیاہ لمحہ قرار دیا ہے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے قرارداد منظور نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد ‘غزہ میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کا ازالہ تھا۔عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ ‘یہ کوئی معمولی کارروائی نہیں تھی، یہ ایک موقع تھا بے مثال بربریت اور تباہی اور غزہ میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے دوران عمل کرنے کا، جبکہ اسرائیلی زمینی حملے شدت اختیار کر رہے ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ قرارداد منظور نہ ہونے کے پیچھے کسی کے ارادے یا کوشش کی کمی نہیں تھی بلکہ امریکہ کا ویٹو تھا، جس پر معذرت ہونی چاہیے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام کررہا ہے اور غزہ میں روزانہ بے گناہ لوگوں کو شہید کیا جارہا ہے وہاں بچے بھوک سے مررہے ہیں جبکہ اسرائیل نے غزہ میں ہاسپٹلوں کو بھی نہیں چھوڑا ہے ۔ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے ، پاکستان آزادفلسطینی ریاست کے قیام تک کوششیں جاری رکھے گا، غزہ میں فوری غیر مشروط جنگ بندی ہونی چاہئے ۔