مہلوکین میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد :وزارت صحت
تل ابیب: فلسطینی وزارت صحت نے غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں اب تک ہونے والی فلسطینی ہلاکتوں سے متعلق اعدادو شمار جاری کیے ہیں۔ تازہ اعدادو شمار کے مطابق اتوار کو یہ تعداد 28985 ہو گئی ہے ۔ ان شہداء میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ میڈیا کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 127 فلسطینی شہید ہوئے ہیں جبکہ مجموعی زخمیوں کی تعداد 68883 ہو گئی ہے۔ کسی بھی جنگ میں اب تک فلسطینیوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے جسے بمباری کی زد میں لاتے ہوئے قتل کیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی اس مسلسل سفاکیت کی وجہ سے ہی جنوبی افریقہ نے بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف نسل کشی کا مقدمہ دائر کیا ۔ادھر اتوار کے روز اقوام متحدہ نے خبر دار کیا ہے کہ اسرائیلی فوجی حملوں کے نتیجے میں خان یونس کا سب سے بڑا ہاسپٹل الناصر ہاسپٹل مکمل طور پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے سے قاصر ہو گیا ہے ۔ اس سے پہلے بھی اسرائیلی فوج تقریبا ہر بڑے ہاسپٹل کو تباہ کر چکی ہے یا ادویات اور طبی آلات سے محروم کر کے ناکارہ بنا چکی ہے ۔