غزہ جنگ : شہیدوں کی تعداد تقریباً 35 ہزار ہوگئی

   

غزہ : غزہ کی وزارتِ صحت نے پیر کو کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان تقریباً سات ماہ سے جاری جنگ کے دوران فلسطینی علاقے میں کم از کم 34,735 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔وزارت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تعداد میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی کم از کم 52 اموات شامل ہیں۔ نیز وزارت نے کہا کہ سات اکتوبر کے حملے کے بعد سے جنگ میں غزہ کی پٹی میں 78,108 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیل نے پیر کے روز فلسطینیوں سے رفح کے کچھ حصوں کو خالی کر دینے کا کہا جو بظاہر جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر میں حماس کے ٹھکانوں پر حملے کی تیاری کے لیے ہے۔ اس علاقے میں حملے کے لیے اسرائیل طویل عرصے سے دھمکی دیتا آیا ہے جہاں جنگ سے بے گھر ہونے والے دس لاکھ سے زیادہ لوگ پناہ گزین ہیں۔