غزہ سے آبادی کے انخلاء پر مصر کا اسرائیل کو انتباہ

   

قاہرہ ۔ 19 اگست (ایجنسیز) مصری وزیر خارجہ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ غزہ سے آبادی کا انخلا ہماری ریڈ لائن ہوگا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق مصری وزیرِخارجہ بدر عبدالعاطی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ مصر کسی کو اپنی قومی سلامتی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گا۔ مصری وزیر خارجہ نے بتایا کہ مصر غزہ میں فلسطینیوں کے مسائل کم کرنے کیلئے مختلف چینلز سے کوششیں کر رہا ہے۔ غزہ سے آبادی کے انخلاء کے حوالے سے بات کرت ہوئے مصری وزیرِخارجہ نے بتایا کہ ہم نہ اس کو قبول کریں گے، نہ ہی اس میں حصہ لینا چاہیں گے، بلکہ ہم یہ کہیں گے کہ آبادی کو نکالا جانا فلسطینیوں کے لیے یکطرفہ ٹکٹ ہوگا جس کے بعد ان کا مقصد مکمل طور پر ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے اس جنگ کے بعد کے بننے والے منظر کی کوئی تفصیل سامنے نہیں رکھی گئی، لیکن اسرائیلی وزیرِاعظم کے غزہ سے لوگوں کو فلسطین سے دوسرے ممالک منتقل کرنے کے حوالے سے دلائل سامنے آتے رہے ہیں۔

2024 میں غزہ میں 183 امدادی کارکن قتل کئے گئے
نیویارک ۔ 19 اگست (ایجنسیز) اقوام متحدہ نے کہا ہیکہ 2024 میں غزّہ میں اسرائیلی حملوں میں 183 امدادی کارکن قتل کئے گئے ہیں اور یہ تعداد مذکورہ سال میں دنیا بھر میں ہلاک کئے جانے والے امدادی کارکنوں کی تعداد کا تقریباً نصف ہے۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ کْل 383 اموات پر مبنی یہ صورتحال نہایت تشویشناک اور بین الاقوامی بے حسی کا ایک ’شرمناک‘ اظہار ہے۔ 2024 کے سالانہ اعداد و شمار کے مطابق امدادی کارکنوں کی ہلاکتوں میں گذشتہ سال کے مقابلہ میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ان میں سے 60 امدادی کارکن سوڈان اور باقی دیگر جنگ زدہ علاقوں میں مارے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ان اموات کی اکثریت ریاستی عناصر کے ہاتھوں ہوئی ہے اور ہلاک ہونے والوں کی اکثریت مقامی عملہ کے افراد پر مشتمل تھی جنہیں یا تو امدادی کاموں کے دوران یا پھر ان کے گھروں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔