غزہ : امریکہ کی غزہ سے متصل زیر تعمیر نئی اور عارضی بندر گاہ پر 320 ملین ڈالر کی رقم خرچ ہو گی۔ اس امر کا اظہار پینٹا گون نے پیر کے روز کیا ہے۔ بندر گاہ کا مقصد غزہ میں امدادی سامان اور خوراک پہنچانا بتایا گیا ہے۔پینٹا گون کے ڈپٹی پریس سیکرٹری سبرینا سنگھ کے مطابق’ ہمارا اب تک کا خمینہ 320 ملین ڈالر کا ہے۔ تاہم یہ ابتدائی لاگت ہو گی۔’خیال رہے اس امریکی بندر گاہ کو امریکی فوج کی نگرانی میں تعمیر کیا جا رہا ہے اور فلسطینی کارکن اس کی تعمیر کے لئے مزدوری وغیرہ کر رہے ہیں۔ ان فلسطینی مزدوروں کی تعداد ، ہائرنگ کی شرائط اور معاوضے کے بارے میں کچھ سامنے نہیں آیا ہے۔ بس انہیں تصاویر میں کام کرتے دکھایا گیا ہے۔پچھلے ہفتے پینٹاگون نے بتایا تھا کہ یہ عارضی بندر گاہ مئی کے آغاز میں استعمال میں لائی جا سکے گی اور بحری راستے سے غزہ میں خوراک اور امدادی سامان پہنچایا جانا شروع ہو جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ خوراک اور امدادی سامان چھوٹی سمندری کشتیوں کی مدد سے غزہ کی ساحلی پٹی پر لایا جائے گا۔