ماسکو: روس کی ہنگامی وزارت نے جمعہ کو بتایا کہ غزہ سے انخلاء شدہ 103 روسی شہریوں کو ایک خصوصی طیارہ ماسکو واپس لے آیا۔ ٹیلیگرام پر ایک پوسٹ میں وزارت نے کہا کہ روسی باشندوں کا گروپ ایلیوشین-76 چارٹرڈ طیارے میں وطن واپس پہنچا۔پوسٹ میں کہا گیا ہیکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 101 روسی شہریوں کو غزہ سے مصر لے جایا گیا جس کے بعد روس کے انخلاء کی کل تعداد 750 سے زائد ہو گئی۔ 650 سے زیادہ افراد بشمول 300 سے زائد بچے واپس روس بھیج دیئے گئے۔کریملن نے چہارشنبہ کے روز غزہ میں جنگ بندی معاہدے کو اسرائیل فلسطین تنازعہ میں طویل عرصے کے بعد پہلی اچھی خبر قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا جو جمعہ سے نافذ العمل ہو رہا ہے۔ اس میں کہا گیا ہیکہ پائیدار تصفیے کیلئے کوششیں کرنے کا واحد راستہ انسانی بنیادوں پر جنگ میں وقفہ ہے۔