غزہ : عارضی جنگ بندی کی سفارتی کوششوں میں تیزی

   

غزہ : اسرائیل اور حماس کی ہفتوں سے جاری جنگ میں انسانی بنیادوں پر وقفے کے لیے امریکی اور عرب ثالثوں نے کوششیں تیز کردی ہیں جب کہ امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے بھی لڑائی کچھ وقت کے لیے روکنے کی تجویز دی ہے۔ خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق ان سفارتی کوششوں کا مقصد حماس کے زیر انتظام غزہ پر نافذ اسرائیل کی ناکہ بندی میں کمی لانا اور لڑائی میں وقفے کے دوران عام شہریوں تک انسانی ہمدردی سے امداد پہنچانا ہے۔ حماس کے 7 اکتوبر کے اسرائیل پر حملے میں 1400ہلاکتوں کے بعد اسرائیل کی غزہ پر بمباری سے اے پی کے مطابق فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 9000 سے تجاوز کر چکی ہے۔ صدر جو بائیڈن نے چہارشنبہ کی رات کہا تھا کہ ان کے خیال میں اسرائیل اور حماس کی جنگ میں انسانی بنیادوں پر ’وقفہ‘ ہونا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات ایک انتخابی تقریر میں کہی جہاں مظاہرین کی جانب سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ بائیڈن نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں وقفہ دینے کی ضرورت ہے۔