غزہ مسئلہ پر شیعہ سنی علماء متحد، حملے فوری روکنے کا مطالبہ

   

نئی دہلی: مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور گزشتہ 6؍مہینے سے جاری جنگ کے خلاف ہندوستان کے شیعہ سنی علمائے کرام کی جانب سے متحدہ آواز بلند ہوئی اور متحدہ طور پر یہ فیصلہ لیا گیا کہ اس مرتبہ عالمی یوم القدس کے موقع پر ماہ رمضان مبارک کے آخری جمعہ کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اقلیتی شعبہ کی جانب سے 5؍اپریل کو انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی قومی کانفرنس میں بڑے پیمانے پر شرکت ہوگی اور حکومت ہند سے مطالبہ کیا جائے گا کہ اسرائیل کی جانب سے جاری حملے فوری طور پر رکوائے جائیں اور جنگ بندی کا اعلان کیا جائے ۔ یہاں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار ، این سی پی کے کارگزار قومی صدر اور رکن پارلیمنٹ پرفل پٹیل کی ہدایت پر اور این سی پی کے قومی جنرل سکریٹر ی اور اقلیتی شعبہ کے قومی چیئرمین سید جلال الدین کی قیادت میں درگاہ شاہ مرداں کربلا جور باغ میں 5؍اپریل کو انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں عالمی یوم القدس کے موقع پر منعقد ہونے والی قومی کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلہ میں ایک خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا گیاجس میں شیعہ اور سنی علمائے کرام نے شرکت کی۔