واشنگٹن، 5 دسمبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ ان کی انتظامیہ کا غزہ کیلئے تیار کردہ منصوبے کا اگلا مرحلہ جلد ہی شروع ہونے والا ہے ۔ یہ اعلان انہوں نے ایسے وقت میں کیا جب خطے میں تشدد کی نئی لہر اٹھ کھڑی ہوئی ہے ۔ ٹائمز آف اسرائیل نے رپورٹ کیا کہ چہارشنبہ کو وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں جب ایک صحافی نے ان سے پوچھا کہ دوسرا مرحلہ کب شروع ہوگا، تو ٹرمپ نے براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ یہ عمل ‘اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے ‘۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت اچھا چل رہا ہے ، ہمارے پاس مشرق وسطیٰ میں امن ہے ، لوگ اسے نہیں سمجھ رہے ۔ اس دعوے پر اسرائیلی فضائی حملوں میں ہونے والی اموات کی رپورٹس سے سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ حملے اس دھمکی کے بعد کیے گئے تھے ، جو اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے اس وقت دی تھی، جب رفاع میں فلسطینی مجاہدین کے ساتھ جھڑپوں میں اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی تھی۔