غزہ میں اختیارات کی منتقلی کا اعلان: حماس

   

غزہ، 11 جنوری (یواین آئی) غزہ کے لیے آئندہ دنوں میں امریکی صدر کی جانب سے امن کونسل کے ارکان کے اعلان کی توقعات کے درمیان حماس نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری اداروں کی ذمہ داریاں ایک فلسطینی ٹیکنوکریٹ کمیٹی کو منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔حماس نے تصدیق کی ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں موجود تمام سرکاری اداروں کو ایک فلسطینی ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے سپرد کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ حماس کے ترجمان حازم قاسم نے اتوار کو جاری ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ تحریک نے متعلقہ اداروں کو واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ منتقلی کے عمل کے لیے مکمل تیاری کریں۔حازم قاسم نے اس بات پر زور دیا کہ اداروں کی منتقلی سے متعلق فیصلہ ’’واضح اور حتمی‘‘ہے اور اس پر عمل درآمد میں کسی قسم کی تاخیر قابلِ قبول نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق یہ اقدام غزہ میں نظم و نسق کو بہتر بنانے اور آئندہ مرحلے کے انتظامی ڈھانچے کی راہ ہموار کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے ۔دوسری جانب حماس کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ تحریک نے ثالثوں سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ اسرائیل کی روزانہ کی کارروائیوں کو روکنے کیلئے فوری مداخلت کریں۔