غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، 71 فلسطینی شہید

,

   

غزہ، 23 اگست (یو این آئی) غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 71 فلسطینی شہید ہوگئے ۔ میڈیا کے مطابق شہید ہونے والوں میں 4 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ غزہ میں شدید قحط سے اموات کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 مزید افراد جاں بحق ہوگئے ۔ وزارتِ صحت نے بتایا کہ غزہ میں 273 افراد غذائی کمی کی وجہ سے انتقال کر گئے جن میں 112 بچے شامل ہیں۔ بچوں کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے کہا ہے کہ غزہ میں قحط کی وجہ سے بچے شدید مشکل حالات کا شکار ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے ادرے گلوبل ہنگر مانیٹر نے شمالی غزہ، بالخصوص غزہ سٹی کو قحط زدہ قرار دے دیا ہے جہاں 5 لاکھ سے زائد افراد قحط کا شکار ہیں۔اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق سربراہ وولکر ترک نے بھوک سے اموات کو اسرائیلی حکومت کے اقدامات کا نتیجہ اور ممکنہ جنگی جرم قرار دیا ہے ۔