غزہ: غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کی بمباری سے مزید 37 فلسطینی شہید ہوگئے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے کمال عدوان ہاسپٹل پر دوبارہ حملہ کیا گیا جب کہ شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کا محاصرہ جاری ہے اور فلسطینیوں کو وارننگ بھی جاری کردی گئی ہے ۔ اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی میں ڈرون حملہ کرکے 2 فلسطینی شہید کردیے جبکہ غزہ میں امدادی سرگرمیاں معطل ہیں۔فلسطینی اتھارٹی کے زیر انتظام مغربی کنارے پر اسرائیلی آباد کاروں کے حملے جاری ہیں جہاں متعدد فلسطینیوں کے گھراورگاڑیاں جلادی گئیں۔علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے لبنان میں ایک ہی دن میں 16 شہریوں کو شہید اور 90 کو زخمی کردیا۔اسرائیلی علاقے بنیامن میں چیک پوسٹ پرحملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو خواتین فوجی اہلکار زخمی ہوگئیں۔دریں اثناء لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے جنگ بندی کی تمام تجاویز مسترد کر دی ہیں۔وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، نجیب میقاتی نے بین الاقوامی برادری پر اسرائیل کو روکنے میں ناکامی پر تنقید کی۔میقاتی نے کہا کہ اسرائیل نے جنگ بندی کی تمام تجاویز مسترد کر دیں، جنگی جرائم میں اضافہ کیا یہاں تک کہ تاریخی مقامات کو بھی نشانہ بنایا۔میقاتی نے کہا کہ حکومت نے فوج کو 1500 نئے اہلکاروں سے مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کابینہ اجلاس میں مزید اقدامات پر غور کیا جائے گا۔