غزہ میں اسرائیلی فوج کی مسجد اور اسکول پر بمباری، 24 فلسطینی شہید

   

بیروت پر بھی حملہ ‘ کئی عمارتیں تباہ‘جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں

غزہ: اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک اور سفاکانہ حملہ کرتے ہوئے مسجد اور اسکول پر بم برسا دیے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ میں مسجد اور اسکول پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 24 افراد شہید اور 93 زخمی ہوئے۔عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے اسرائیلی حملوں میں کل 50 افراد شہید ہوئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق مسجد اور اسکول کوحماس کے کمانڈ اینڈکنٹرول مراکز کے طور پر استعمال کیاجا رہاتھا جبکہ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ مسجد اور اسکول میں اسرائیلی بمباری کے باعث بے گھر ہونے والے فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی تھی۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کے لبنان پر بھی فضائی حملے جاری ہیں اور گزشتہ روز اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر ایک اور بڑا حملہ کیا جس سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا مگر تاحال ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد واضح نہیں۔اسرائیل کی جانب سے غزہ اور مغربی کنارہ کے علاوہ بیروت کے مختلف علاقوں میں بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس میں بھاری جانی و مالی نقصان کی اطلاع ہے ۔ ایران کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملہ کے بعد اسرائیل نے غزہ اور بیروت پر اپنے حملوں میں شدت پیدا کردی ہے جس سے خطہ میں کشیدگی میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔