امریکی صدر نے ہند۔پاک جنگ روکنے کا پھر تذکرہ کیا، یو این جنرل اسمبلی سے خطاب
نیویارک، 23 ستمبر (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے وجود کا مقصد کیا ہے، یہ ادارہ اپنی استعداد کے مطابق کام نہیں کررہا ہے، امریکہ نے سات ماہ میں سات جنگیں رکوائیں، ہم غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی چاہتے ہیں، روس اگر یوکرین جنگ نہیں روکتا تو ٹیرف عائد کریں گے۔ یو این جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ ہم غزہ سے تمام 20 یرغمالیوں کی فوری رہائی چاہتے ہیں ، اگر غزہ میں امن چاہتے ہیں تو تمام 20 یرغمالیوں کی رہائی کی جائے۔ ٹرمپ نے کہا کہ 6 سال پہلے میں نے جنرل اسمبلی سے آخری خطاب کیا تھا، اس کے بعد سے دو براعظموں میں جنگوں نے امن و امان کو برباد کردیا اور شدید بحرانوں نے جنم لیا۔ ایک سال قبل، گزشتہ انتظامیہ کے تحت امریکہ شدید مشکلات کا شکار تھا، میرے عہدہ صدارت سنبھالنے کے صرف 8 ماہ بعد حالات تبدیل ہوگئے۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ میں غیرقانونی طور پر آنے والوں کے راستے بند ہوچکے ہیں اور ان کی آمد صفر ہوگئی ہے جبکہ سابقہ بائیڈن انتظامیہ کی پالیسیوں کی وجہ سے ماضی میں لاکھوں لوگ غیرقانونی طور پر امریکہ آرہے تھے۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ میں نے 7 ماہ کے عرصے میں نہ ختم ہونے والی سات جنگیں ختم کروائیں، افسوس ہوا کہ اقوام متحدہ کے بجائے مجھے جنگیں بند کروانی پڑیں، میں نے انڈیا۔ پاکستان جنگ بھی بند کروائی۔ ٹرمپ یہ دعوی مختلف پلیٹ فارم سے بارہا کرچکے ہیں۔ ایران کے حوالے سے امریکی صدر نے کہا کہ بی ٹو طیاروں کے ذریعہ ایرانی جوہری صلاحیت مکمل تباہ کردی تھی، ایران دہشت گردی کا سب سے بڑا حمایتی ہے، اور ایٹم بم جیسا مہلک ترین ہتھیار نہیں رکھ سکتا، ہم کبھی ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔