غزہ میں انسانیت کا امتحان لیا جا رہا ہے: طیب اردغان

   

انقرہ ۔ 16 اگست (ایجنسیز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانیت کا امتحان لیا جا رہا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردغان نے غزہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے معاملہ کو صرف زمین کے چھوٹے سے ٹکڑے کی نہیں بلکہ انسانی تباہی کے طور پر سمجھنا ہوگا۔ ترکیہ کے صدر نے کہا کہ غزہ کا مسئلہ بڑھتی ہوئی ایسی خلیج ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ انسانیت کے اجتماعی ضمیر کو زخمی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی بمباری سے بچے، خواتین اور بوڑھے افراد نشانہ بن رہے ہیں۔ طیب اردغان نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جاری بمباری نے شہروں رہائش کے قابل نہیں چھوڑا ہے، عبادت گاہیں، اسکول، گھر اور ہاسپٹل سب ملبے کا ڈھیر بن گئے ہیں۔ ترک صدر نے کہا کہ غزہ میں غذا، پانی صحت اور بجلی کی سہولتیں تباہ ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اب بھوک، پیاس، وبائی امراض پھیل رہے ہیں، اسرائیلی حملوں سے وہاں 61 ہزار سے زائد شہادتیں ہوچکی ہیں۔