غزہ میں انٹر امتحانات میں 11فلسطینی لڑکیا ںٹاپر

   

غزہ، 14 نومبر (یو این آئی) غزہ میں انٹرمیڈیٹ بورڈ کے امتحانات کے نتائج میں 11 فلسطینی لڑکیاں 99 فیصد نمبر لے کر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے باوجود غزہ کے نوجوان اپنے بہتر مستقبل کے لیے کوشاں ہیں اور مشکل حالات میں بھی تعلیم حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق غزہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کے امتحانات میں 11 فلسطینی لڑکیوں نے 99 فیصد نمبر لے کر ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے ۔ نتائج کے بعد اسرائیلی مظالم کا شکار فلسطینیوں میں خوشیوں کی لہر دوڑ گئی اور کامیاب طالبہ کے خاندانوں نے تباہ حال علاقوں میں جشن منایا۔

غزہ میں اجتماعی قبر سے 51 نعشیں برآمد
غزہ، 14 نومبر (یو این آئی) اسرائیل کی غزہ جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، صیہونی فوج نے آج پھر غزہ سٹی، بیت لاہیا اور خان یونس میں فضائی حملے کردیے ، توپ خانے سے گولا باری کی گئی۔ قابض فوج نے مغربی کنارے میں بھی 2 بچوں کو گولی مار کر شہید کردیا، اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ، آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔ مسلسل خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے غزہ جنگ بندی معاہدہ کو نازک قرار دیا۔انہوں نے مکمل امن کیلئے معاہدہ کا احترام کرنے کی اپیل کردی۔ دوسری جانب غزہ میں اجتماعی قبر سے 51 نعشیں ملی ہیں ، خان یونس سے اسرائیلی یرغمالی کی نعش برآمد کرلی گئی جو آج اسرائیل کے حوالے کی جائے گی ۔غزہ کی سول ڈیفنس ادارے کے ترجمان نے کہا کہ اب بھی درجنوں خاندان تباہ شدہ گھروں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کی نعشیں تاحال نہیں نکالی جاسکیں۔