فلسطین کے حق میں نعرہ بازی ۔ مظالم پر ہندوستان کی خاموشی پر تنقید ۔ ہزاروں کی شرکت
حیدرآباد 5 اکٹوبر ( سیاست نیوز) اسرائیل مخالف تنظیم ’بی ڈی ایس‘ کے فلسطین کے حق میں اور غزہ میں ظالمانہ کاروائیوں کے خلاف احتجاج میں ہزاروں طلبہ اور غیر سرکاری تنظیموں کے کارکنوں نے حصہ لیا اور اندراپارک کے قریب زبردست مظاہرہ کیا ۔ غزہ اور فلسطین پر مظالم پر عالمی برادری اور ہندوستان کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرکے انسانیت کیلئے اسرائیل کے خلاف جدوجہد میں شدت پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔بائیکاٹ‘ ڈائیوسٹمنٹ ‘ سینکشنس تحریک سے احتجاج میں بڑی تعداد میں کمیونسٹ کے کارکن اور مختلف جامعات کے طلبہ اور غیر سرکاری تنظیموں کے کارکنوں نے حکومت کی پالیسی کے خلاف احتجاج کیا اور فلسطینی مظلوم عوام سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے کہا کہ کرۂ ارض پر واحد فلسطینی ریاست ہے جو کہ نہ صرف جغرافیائی اعتبار سے جنگی حالات کا سامنا کر رہی ہے بلکہ مذہبی طور پر بھی ہراساں کیا جا رہاہے ۔ہزاروں نوجوانوں نے اسرائیل اور نتن یاہو کے خلاف نعرہ بازی کرکے فلسطین کو تسلیم کرنے اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔بی ڈی ایس تنظیموں و طلبہ جہد کاروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو غلط انداز میں پیش کرکے انہیں مخصوص مذہب سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ مسئلہ فلسطین محض مسلمانوں کا نہیں بلکہ عالم انسانیت کیلئے لمحہ فکر کا مسئلہ ہے ۔ اس حساس جغرافیائی مسئلہ کو بنیاد بناکر اسرائیل غزہ اور مغربی کنارہ کے عوام پر جو مظالم ڈھا رہا ہے اس کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی اور نہ اس قدر انسانیت سوز مظالم کا کسی اور کو سامنا کرنا پڑا ۔ احتجاجیوں نے اقوام متحدہ و عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی پر بھی حیرت کا اظہار کیا ۔3