غزہ میں خوراک کی قلت سے لوگ روزانہ بھاگ دوڑ پر مجبور

   

غزہ، 15 اگست (یواین آئی) غزہ کی پٹی کے وسطی شہر دیر البلح میں انسانی امداد کی فضائی ترسیل کی گئی جہاں خوراک اور بنیادی ضروریات کی شدید قلت کے درمیان بڑی تعداد میں لوگ اسے حاصل کرنے کیلئے بھاگ دوڑ کرتے نظر آرہے ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ فضائی ترسیل سے گرائی گئی امداد پر لوگ زیادہ سے زیادہ حاصل کرنے کی کوشش میں ٹوٹ پڑے جس سے وہاں افراتفری پھیل گئی۔دیر البلح میں امداد کی ترسیل کے مقام سے ایک ویڈیو میں کئی مقامی لوگ امداد کی محدود مقدار پر شکایت کرتے نظر آئے ۔ لوگوں نے کہا بڑھتی ہوئی ضرورت کے درمیان یہ محدود امداد سب کیلئے کافی نہیں ہے ۔ ایک شخص نے کہا کہ ہم تقریباً روزانہ گیارہ بجے امداد کی امید میں انتظار کرتے ہیں لیکن جو کچھ آتا ہے وہ صرف چند لوگوں کیلئے کافی ہوتا ہے ۔ ایک دوسرے شخص نے بتایا کہ شدید ضرورت کی وجہ سے روزانہ بھاگ دوڑ ایک معمول بن گئی ہے ۔ یہ سب ایسے وقت ہو رہا ہے جب غزہ کی پٹی ایک گھمبیر انسانی بحران کا شکار ہے ۔ اسرائیل کی جانب سے زمینی گزرگاہوں کے ذریعے امداد کی ترسیل میں دشواریاں کھڑی کردی گئی ہیں۔ آج جمعہ کو صرف 140 امدادی اور انسانی امداد کے ٹرک غزہ کی پٹی میں جنوب مشرقی کرم ابو سالم کراسنگ کے ذریعے داخل ہوئے ۔ ایک مصری عہدیدار نے مصر کی مشرق وسطیٰ نیوز ایجنسی کے مطابق بتایا کہ رفح کراسنگ کے ایک ذیلی دروازے سے کرم ابو سالم کراسنگ پر ٹرکوں کو منتقل کیا گیا اور انہیں غزہ کی پٹی میں داخل کرایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل داخل ہونے والی امداد مصر، قطر اور اقوام متحدہ کی طرف سے تھی۔

غزہ دور حاضر کا کربلا
غزہ : 15 اگست ( ایجنسیز ) غزہ میں شدید گرمی کے باعث جلدی بیماریوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہو رہا ہے۔الشفاء اسپتال کے سربراہ محمد ابو سلمیہ نے بروز جمعرات مقامی ذرائع ابلاغ کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ شدید گرمی کے باعث غزہ میں تیزی سے جلدی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ درجہ حرارت کی شدّت میں اضافے اور پینے کے صاف پانی کی شدید قلت نے ہر عمر کے رہائشی کی صحت کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ایندھن کی فراہمی بندہونے کی وجہ سے اسپتالوں کو ضروری طبی آلات چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ نتیجتاً مریضوں اور زخمیوں کی زندگیاں براہ راست خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ دوسری جانب صحت کا عملہ سخت حالات میں اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔ابو سلمیہ نے زور دیا ہے کہ غزہ میں انسانی بحران دن بدن گہرا ہوتا جا رہا ہے۔اسپتال انتہائی نازک حالت میں ہیں اور ایسے حالات میں کہ جب اسرائیلی فوج اسکولوں، اسپتالوں اور بے گھر افراد کے خیموں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے زندگی بچانے والے آلات کا نہ چلنا ایک تباہ کن صورتحال ہے۔

غزہ کیلئے اسرائیلی وزیر کا سیول انتظامیہ کا منصوبہ
تل ابیب : 15 اگست ( ایجنسیز ) اسرائیلی نائب وزیر خارجہ شارن ہاسکل نے جمعرات کے روز کہا کہ غزہ کے لیے ایک غیر اسرائیلی پرامن سیول انتظامیہ اسرائیلی حکومت کے جنگ کے خاتمہ کے پانچ اہم اصولوں میں شامل ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شارن ہاسکل نے بتایا کہ دیگر اصولوں میں غزہ میں اب بھی یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی، حماس کی جانب سے ہتھیار ڈالنا، غزہ کا مکمل طور پر غیر فوجی علاقہ بنانا اور اسرائیل کا سکیورٹی پر مکمل کنٹرول برقرار رکھنا شامل ہیں۔