تل ابیب: اسرائیلی فوج کے ترجمان دانیال ہگاری نے کہا کہ اسرائیلی فوجیں غزہ کی پٹی میں زمین کے اوپر اور نیچے دونوں جگہ لڑ رہی ہیں۔انہوں نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ فوج غزہ کے جنوب میں واقع شہر خان یونس پر دباؤ جاری رکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ فوج اب تک خان یونس میں حماس کے 2000 سے زائد ارکان کو ہلاک کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ”ہم غزہ سے یرغمالیوں کی واپسی کیلئے تمام کوششیں جاری رکھیں گے۔”قابل ذکر ہے کہ اسرائیل کے سرکاری ذرائع کے مطابق، 7 اکتوبر کو حماس نے اچانک حملہ کر کے اسرائیلی فوجی چوکیوں میں گھس کر غزہ کی پٹی کی سرحدی غیر قانونی بستیوں پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں تقریباً 1,140 افراد مارے گئے تھے، جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔حملے کے دوران تقریباً 250 افراد کو یرغمال بنا کر غزہ منتقل کیا گیا تھا اور ان میں سے تقریباً 100 کو نومبر کے آخر میں جنگ بندی کے دوران رہا کر دیا گیا تھا۔ اسرائیل کے مطابق ان میں سے 132 غزہ میں موجود ہیں اور خیال کیا جاتا ہے کہ ان میں سے 27 ہلاک ہو چکے ہیں۔
