غزہ میں شدید لڑائی کے بعد اسرائیل اور اسلامی جہاد گروپ میں جنگ بندی

,

   

غزہ سٹی ۔ 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) غزہ میں لڑائی بندی کیلئے اسرائیل اور اسلامک جہاد گروپوں کے درمیان معاہدہ ہوا ہے۔ گذشتہ تین دن سے جاری اس لڑائی میں تقریباً 34 فلسطینی جاں بحق ہوگئے اور اسرائیل کے کئی حصوں میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ اسلامی جہاد کے ترجمان مصعب البیریم نے بتایا کہ مصر کی ثالثی میں جنگ بندی کا معاہدہ طئے پایا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اپنے ٹوئیٹ میں بتایا کہ فضائی کارروائی ختم کردی گئی ہے اور جنوبی اسرائیل کے بعض علاقوں سے پابندیوں کو بھی ہٹا لیا گیا ہے۔ دوسری طرف فلسطین سے ساحلی علاقہ میں ٹریفک بحال ہوگئی۔ مصعب البیریم نے بتایا کہ اسلامی جہاد گروپ کی جانب سے پیش کردہ مطالبات کی بنیاد پر جنگ بندی عمل میں آئے گی جس میں اسرائیل کی جانب سے اسلامی جہاد گروپ کے قائدین کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی ختم کرنا شامل ہے۔ اسرائیل کی جانب سے اسلامی جہاد کے سینئر قائد کی ہلاکت کے بعد منگل کو لڑائی کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ اسرائیل کا الزام ہے اسلامی جہاد گروپ کا قائد راکٹ حملوں اور سرحد پار دراندازی میں ملوث تھا۔