غزہ میں شہیدوں کی نعشوں کیساتھ ڈاکٹروں کی پریس کانفرنس

,

   

غزہ سٹی : غزہ کے ہاسپٹل میں 500 سے زائد نعشوں کے ساتھ ڈاکٹر یوسف ابوریش نے اپنے ساتھیوں کیساتھ آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی بربریت سے واقف کروایا۔ یہ تاریخ کی پہلی پریس کانفرنس ہوئی جو سینکڑوں نعشوں کے درمیان منعقد کی گئی۔ ڈاکٹر یوسف نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے ہاسپٹل پر حملہ کرنے کے بعد تاریخی پریس کانفرنس کرکے میڈیا کے ذریعہ مہذب دنیا کو بتایا کہ یہ زندہ انسان نہیں بلکہ اسرائیلی حملے میں شہید 500 سے زائد نعشیں ہیں۔ ’’ڈاکٹرس ودآؤٹ بارڈرز ‘‘سے وابستہ ڈاکٹر غسان ابو سیتا نے بتایا کہ ہم سرجری میں مصروف تھے کہ زوردار دھماکہ ہوا اور آپریشن روم کی چھت گر گئی۔یہ قتل عام ہوا۔
پریس کانفرنس کی گردش کرنے والی ایک تصویر میں طبی عملے کے ارکان کو ڈھکی ہوئی نعشوں کے درمیان کھڑے دکھایا گیا ہے۔ طبی عملے میں سے ایک نے شیر خوار بچے کی نعش اٹھا رکھی۔ ایک اور ڈاکٹر ایک بچی کی نعش اٹھائے ہوئے تھے۔تاریخ کی سب سے پہلی اور انتہائی دردناک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرز نے کہا کہ ’یہ ایک نسل کشی ہے‘۔ انہوں نے اسرائیل کی جارحیت اور بربریت کو دہشت گردی سے تعبیر کیا۔