غزہ میں غیر ملکی امدادی کارکنوں کی ہلاکت، بائیڈن کی کڑی تنقید

   

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے غزہ میں غیر ملکی امدادی کارکنان کی ہلاکت پر ’غم اور غصے ‘ کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تاہم وہ اس واقعے کی مذمت نہیں کرسکے ۔ غزہ میں امدادی کارکنوں کی ہلاکت پر امریکی صدر کی جانب سے اسرائیل سے اظہار برہمی اور بیان ان کی اب تک کی ’سخت ترین تنقید‘ قرار دیا جارہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ اسرائیلی دفاعی افواج کی طرف سے قافلے پر حملے جیسے واقعات نہیں ہونے چاہییں ۔ اسرائیل نے حماس کے خلاف 6 ماہ سے جاری جنگ کے دوران شہریوں یا امدادی کارکنوں کے تحفظ کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے ۔جوبائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ تنازعہ حالیہ تاریخ میں اس لحاظ سے بدترین جنگ ہے کہ کتنے امدادی کارکن مارے گئے ہیں۔ اپنے اتحادی ملک پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں امدادی کارکنوں اور شہریوں کے تحفظ کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے ہیں جو غزہ میں انسانی امداد کی تقسیم میں رکاوٹ کا سبب بن رہی ہے ۔