دبئی: غزہ کی پٹی میں فائر بندی کے لیے مصر، قطر اور امریکہ کے توسط سے بات چیت رواں ہفتہ قاہرہ میں دوبارہ شروع ہو گی۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتہ دوحہ میں دو روزہ ملاقات منعقد ہوئی جس میں اسرائیل اور حماس کے بیچ خلیج کو پاٹنے پر توجہ مرکوز رہی۔بات چیت سے با خبر اسرائیلی اور فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے بیچ ابھی تک بڑے اختلافات موجود ہیں۔حماس ایک ایسے سمجھوتے تک پہنچنا چاہتی ہے جو غزہ میں جنگ کے خاتمہ کی ضمانت دے۔ ادھر اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو مکمل فتح کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ وہ یہ خواہش رکھتے ہیں کہ سمجھوتے میں غزہ کی پٹی میں دوبارہ لڑائی شروع کرنے کا حق دیا جائے تا کہ حماس اسرائیلیوں کے لیے کسی بھی قسم کا خطرہ بننے سے عاجز ہو جائے۔حماس غزہ کی پٹی سے اسرائیل کا مکمل انخلا چاہتی ہے جس میں فلاڈلفیا یا صلاح الدین کی
راہ داری شامل ہے۔یہ راہ داری مصر کے ساتھ سرحد پر جنوب میں پھیلی ہوئی 14.5 کلو میٹر طویل ایک تنگ پٹی ہے۔ دوسری جانب اسرائیل فلاڈلفیا راہ داری پر کنٹرول باقی رکھنا چاہتا ہے جس پر اس نے مئی کے اواخر میں قبضہ کر لیا تھا۔ اسرائیل نے اس علاقے میں درجنوں سرنگیں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو اس کے مطابق غزہ میں مسلح جماعتوں کو ہتھیاروں کی اسمگلنگ کیلئے استعمال ہو رہی تھیں۔
ترک وزیر دفاع ملائیشیا کے دورہ پر
انقرہ : ترکیہ کے وزیردفاع یاشار گولیر اور خفیہ سرویس کے سربراہ ابرہیم قالن نے ملائیشیا کے دورہ میں وزیر اعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم ہاؤس میں ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد نور دین کی طرف سے استقبال کیا گیا۔ ترکیہ کے دونوں عہدے داروں نے وزیر اعظم انور ابراہیم سے اہم امور پر گفتگو کی۔