غزہ میں قحط انسان کاپیدا کردہ :ڈیوڈ لیمی

   

لندن، 2 ستمبر (یو این آئی) برطانیہ نے غزہ میں قحط کو انسان کا بنایا ہوا قحط قرار دیتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے ۔ برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب میں برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری قحط قدرتی نہیں، یہ اکیسویں صدی میں انسان کا بنایا ہوا قحط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہر گزرتا روز مزید تباہیاں لا رہا ہے ، خوراک کی کمی سے غزہ کے پانچ سال سے کم عمر ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد بچوں کو جان کا خطرہ ہے ۔ ڈیوڈ لیمی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت غزہ میں ضروری امداد کی فراہمی سے مستقل انکاری ہے ، غزہ میں مزید لوگوں کو مرنے سے بچانے کیلئے ہمیں فوراً بڑے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی صورتحال بہتر بنانے کا واحد حل فوری اور بلامشروط جنگ بندی ہے ۔ ڈیوڈ لیمی نے اسرائیل سے غزہ میں فوجی کارروائیوں میں اضافہ بھی فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔