غزہ میں مزید 60 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے

   

غزہ، 29 اگست (یو این آئی) غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری تھمنے کا نام نہیں لے رہی، تازہ حملوں میں مزید 60 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ۔ غزہ کے ہاسپٹلوں کے ذرائع کے مطابق جمعرات کی صبح سے اب تک اسرائیلی فوج کے حملوں میں 61 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ان شہدا میں 19 امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے جبالیا میں ایک اسکول کے قریب حملہ کیا گیا جس میں کم از کم 5 افراد شہید ہوئے ۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق غزہ میں بھوک کی شدت سے مزید 4 فلسطینی انتقال کر گئے جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ جس کے بعد اسرائیل کے مسلط کردہ قحط سے اموات کی تعداد317 ہو گئی۔ دوسر ی جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپے مارے ہیں اور ایک درجن سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا، جن میں صحافی، کارکن اور رہا ہونے والے قیدی شامل ہیں۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکڑوں ملازمین نے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ کو خط میں غزہ میں قتل عام کو نسل کُشی قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا کے کرکٹر عثمان خواجہ نے آسٹریلوی وزیراعظم اینتھونی البانیز سے ملاقات کی اور اسرائیل اور نیتن یاہو پر پابندیوں کا مطالبہ کیا۔