یروشلم : غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران کم از کم 16 فلسطینی زخمی ہوگئے۔غزہ میں حماس کے زیرانتظام وزارت صحت کے مطابق محصور ساحلی پٹی غزہ اور اسرائیل کو الگ کرنے والی مشرقی باڑ میں تعینات اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں کم از کم 9 فلسطینی زخمی ہوئے۔غزہ میں مقیم فلسطینی سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ درجنوں مقامی نوجوانوں نے غزہ کے مشرقی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے خلاف مغربی کنارے میں جاری خلاف ورزیوں پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے گاڑیوں کے ناکارہ ٹائر جلائے اور اسرائیلی فوجیوں پر پتھراؤ کیا جب کہ صہیونی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیل پھینکے۔رام اللہ میں فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق مغربی کنارے کے کفر قدوم گاؤں میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران کم از کم 7 فلسطینی نوجوان اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں زخمی ہوئے۔