غزہ میں موت کا سناٹا، مسجد سے گونجتی آواز پر درد دل رکھنے والے دہل کر رہ گئے

,

   

اسرائیلی فوج کی شدید بمباری سے مواصلاتی نظام تباہ، شہادتوں میں اضافہ کا اندیشہ
غزہ :غزہ میں ایک طرف موت کا سناٹا اور دوسری طرف مسجد کے اسپیکر سے گونجتی آواز پر درد دل رکھنے والے دہل کر رہ گئے۔اسرائیلی فوج کے زمینی حملے کے بعد غزہ کی مساجد سے مسلمانوں کے نام پیغام دیا گیا کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف بھرپور طاقت استعمال کر رہا ہے، غزہ کے مکین مظلوموں کی فتح کیلئے دعا کریں۔غزہ پر اسرائیلی فوج کی شدید بمباری کے نتیجہ میں مواصلاتی نظام تباہ ہوگیا ہے جبکہ، شہادتوں ک میں اضافہ کا خدشہ ہے۔ مسجد سے دیے گئے پیغام میں کہا گیا کہ ہم اللّٰہ کی قدرت کو ان پر غالب سمجھتے ہیں، یہاں مواصلاتی رابطے منقطع کیے جا چکے، غزہ کے مکین اہل اسلام کی دعاؤں کے طالب ہیں۔اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مظلوم عوام کی آواز دنیا تک پہنچنے سے روکنے کی کوشش کی گئی ہے، بمباری سے غزہ میں مواصلاتی نظام مکمل تباہ کردیا، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز معطل ہوگئی، غزہ کا رابطہ دنیا سے کٹ گیا۔گذشتہ رات کی شدید بمباری سے نقصانات کی تفصیل سامنے نہ آسکی، ایک رات میں ہزاروں افراد شہید ہونے کا خدشہ ہے، اقوام متحدہ اور عالمی ادارے صحت کا بھی غزہ میں موجود اپنے اہلکاروں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ہلال احمر کا کہنا ہے کہ بمباری اس قدر شدید اور مسلسل رہی کہ زخمیوں کو نکالنے تک نہیں جا سکے، ملبے تلے دبے افراد مدد کیلئے پکار رہے ہیں۔صحافیوں کے تحفظ کی بین الاقوامی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کا کہنا ہے کہ غزہ میں مواصلاتی بلیک آؤٹ، نیوز بلیک آؤٹ ہے، اس تاریک گھڑی میں صحافیوں، سچائی کے متلاشیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ادھراسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ پر زمینی کارروائی کے ساتھ بمباری بھی کی جا رہی ہے۔ترجمان کے مطابق غزہ میں زمینی فوج، بکتر بند ٹینکس، انجینئرنگ اور توپ خانے کے دستے بھی حصہ لے رہے ہیں۔اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج خوراک، پانی اور ادویات لے جانے والے ٹرک کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دیں گے۔ترجمان اسرائیلی فوج کے مطابق اسرائیلی افواج اب بھی میدان میں ہیں، فلسطینی انکلیو میں فوجی کارروائیوں میں توسیع کی ہے۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی غزہ میں گزشتہ رات داخل ہونے والے اسرائیلی فوجی اب بھی موجود ہیں۔اسرائیل کی مسلسل بمباری میں غزہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد 7ہزار سے زیادہ بتائی جارہی ہے ۔