واشنگٹن: ایک ایسے وقت میں جب اسرائیلی فوج غزہ پٹی میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور رفح شہر کے مشرقی محلوں پر بمباری تیز کر رہی ہے امریکہ نے کہا ہیکہ غزہ پٹی کیلئے غزہ میں نیا گورننس ڈھانچہ رفح میں بڑے فوجی آپریشن کا ایک بہتر متبادل ہے۔وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے کوآرڈینیٹر برائے اسٹریٹجک کمیونیکیشن جان کربی نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جس جنگ بندی معاہدے پر بات ہو رہی ہے۔ اس میں رفح سمیت غزہ پٹی کے تمام علاقہ شامل ہیں۔کربی نے صحافیوں کو بتایا کہ ’’اگر ہم عارضی جنگ بندی تک پہنچنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو اس کا اطلاق رفح سمیت تمام غزہ کی پٹی پر ہو گا۔ یہ امریکہ کا مذاکراتی موقف ہے‘‘۔دوسری جانب ایک سینیر اسرائیلی اہلکار کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات میں ثالثوں کے سامنے یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدہ کیلئے حماس کی تجویز پر اپنے تحفظات پیش کیے جس کے بعد قاہرہ میں مذاکرات کا دور ختم ہوگیا۔