غزہ: غزہ کے سیول ڈیفنس نے ہفتے کے روز فلسطینی علاقے میں سنگین انسانی حالات کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نے غزہ پٹی میں 64 نعشیں برآمد کی ہیں۔ایک پریس بیان میں سیول ڈیفنس نے اعلان کیا کہ شمالی غزہ سے 37 نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔بیان کے مطابق اسرائیلی فورسز نے کمال عدوان ہاسپٹل کے ارد گرد مختلف تدفین کی جگہوں سے نعشوں کو کھلے مقامات پر جمع کرنے کیلئے بلڈوزر کا استعمال کیا۔ بعد ازاں سیول ڈیفنس کی ٹیموں نے انہیں بیت لاہیا قبرستان میں دوبارہ سپرد خاک کر دیا۔ غزہ محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 27 نعشیں ہاسپٹلس میں پہنچی ہیں۔ محکمہ صحت کے افسران کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 47,487 ہو گئی ہے جبکہ 1,11,588 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ افسران نے بتایا کہ کئی متاثرین ملبے کے نیچے اور گلیوں میں پھنسے رہے جہاں ہنگامی اور شہری دفاع کی ٹیمیں ان تک پہنچنے سے قاصر تھیں۔ایک الگ بیان میں، سیول ڈیفنس نے خبردار کیا کہ غزہ کے باشندوں کو ’سنگین انسانی بحران‘ کا سامنا ہے ، جس میں ہزاروں بے گھر اور پناہ گاہ یا بقا کی ضروریات کے بغیر ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے کو متعدد طوفانوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔اس کے علاوہ بڑی مقدار میں نہ پھٹنے والا اسلحہ اور اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دیگر باقیات سڑکوں پر اور تباہ شدہ گھروں اور عمارتوں کے ملبے کے نیچے بکھرے ہوئے ہیں جو شہریوں کیلئے خطرہ ہیں۔سیول ڈیفنس نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بہت دیر ہو نے سے پہلے لوگوں کی جان بچانے کیلئے فوری کارروائی کرنے کی اپیل کی۔