غزہ میں40 ہزار مکانات اور 25 فیصد زرعی زمین بھی تباہ

   

غزہ: اسرائیلی جارحیت سے غزہ کی پٹی کی 25 فیصد زرعی زمین اور 40 ہزار گھربھی تباہ ہوگئے ہیں، صیہونی فوجی اب تک غزہ پر 32 ہزار ٹن بارود گرا چکا ہے، اسرائیلی بمباری سے2 لاکھ27 ہزار گھر وں کا جزوی نقصان ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطین میں رہائشی سیکٹر کو 2 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے، اسرائیلی درندگی سے اب تک 278 تعلیمی ادارے ،270 طبی مراکز اور79 عبادت گاہیں تباہ ہوگئی ہیں۔ غزہ کی پٹی میں فلسطینی سرکاری میڈیا آفس کے سربراہ سلامہ معروف نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ غزہ پر جارحیت کے نتیجے میں زرعی شعبہ کا براہ راست نقصان 170 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے، اس کے نتیجے میں 25 فیصد زرعی علاقوں کی تباہی اور بلڈوزنگ ہوئی ہے، لائیو اسٹاک، پولٹری فارموں کی تباہی کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں غیرمعمولی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض فوج کی طرف سے کئے جانے والے جرائم اور قتل عام کا سلسلہ جاری ہے اسپتالوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان میں سے اکثر خدمات سے محروم ہیں، نفسیاتی اسپتال، الناصرچلڈرن اسپتال، الرنتیسی اسپیشلائزڈ اسپتال بند ہوگئے ہیں جس سے لاکھوں بچوں سمیت لاکھوں شہریوں کو براہ راست نقصان پہنچا۔