غزہ : غزہ کی فلسطینی وزارت زراعت نے اسرائیل کے غزہ کی سبزیوں کی برآمدات پر پابندی لگانے کی وجہ سے اسرائیل سے پھلوں کی درآمد روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔فلسطین وزارت زراعت کی طرف سے جاری کئے گئے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ ”غزہ کے کاشتکار دریائے اردن کے مغربی کنارے اور متعدد عرب ممالک کو تقریباً 15اقسام کی زرعی اجناس برآمد کر رہے تھے”۔بیان میں اسرائیل کی طرف سے، غزہ کے کاشتکاروں کی بیرون ملک برآمدات کو روکنے کے لئے، کرم ابو سالم سرحدی دروازے کو چار ہفتوں سے بند کئے جانے کا ذکر کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ اس کے جواب میں فلسطین وزارت زراعت نے اسرائیل سے پھلوں کی درآمد بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسرائیل نے 10 مئی کو غزہ پر حملوں کے ساتھ ہی کرم ابو سالم سرحدی دروازے کو بند کر دیا تھا۔ سرحدی دروازے سے صرف انسانی وطبّی امداد کے داخلے و خروج کی اجازت دی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل نے 10 مئی کو غزہ پر حملوں کا آغاز کیا جو حماس کے ساتھ کی جانے والی فائر بندی کے ساتھ 21 مئی کو مقامی وقت کے مطابق رات دو بجے ختم ہوئے تھے۔