غزہ پراسرائیلی بمباری‘ شہداء کی تعداد8ہزار کے قریب پہنچ گئی‘انٹر نیٹ سرویس بند

   

غزہ: فلسطینی وزارت صحت نے ہفتے کو کہا کہ 7 اکتوبر کو جنگ شروع ہونے کے بعدغزہ پٹی پر جاری اسرائیلی بمباری سے اب تک شہادتوں کی تعداد 7703 تک پہنچ گئی، جن میں 3500 سے زائد بچے بھی شامل ہیں جبکہ شدید بمباری سے مواصلاتی نیٹ ورک مکمل طور پر منقطع ہو گیا۔فلسطینی ہلال احمر کے ترجماننے انکشاف کیا ہے کہ غزہ کی پٹی سے مواصلاتی اور انٹرنیٹ خدمات منقطع ہونے سے پٹی میں ایمبولینس ٹیموں کے کام میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ کیونکہ شہری سروس حاصل کرنے کے لیے مقرر کردہ نمبر پر کال نہیں کر سکتے۔ فی الحال ایمبولینس کا عملہ بم دھماکے کی آوازیں سن رہا ہے اور اس کے مطابق ایمبولینس گاڑیاں دھماکے کی آواز کی طرف بڑھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
غزہ کی پٹی میں شہری مسلسل بمباری کی زد میں ہیں۔ مواصلات اور انٹرنیٹ کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ فلسطینی ٹیلی کام فراہم کنندہ جووال نے علاقہ میں تمام مواصلاتی خدمات اور انٹر نیٹ کو مکمل طور پر منقطع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔جووال کے اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ گذشتہ ایک گھنٹہ سے ہونے والی بمباری نے غزہ کو بیرونی دنیا سے ملانے والے تمام بین الاقوامی رابطوں کو برباد کردیا ہے ۔ صحافیوں اور طبی عملہ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہریوں، طبی ٹیموں اور ہیڈ کوارٹرز کو فوری تحفظ فراہم کرنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔